بانہال // چملواس نیل رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے نیل ہسپتال کی ایک ایمبولینس نیل رابطہ سڑک سے لڑھک کر نیچے گر گئی اور ڈرائیور سمیت 2 افراد کے زخمی ہونے کا باعث بنی۔جمعہ کی شام ایلوپیتھک ڈسپنسری نیل باٹو سے وابستہ ایمبولنس چدوس کے نزدیک سڑک کی خرابی کی وجہ سے شاہراہ سے لڑھک گئی۔ اس حادثے میں ایمبولینس ڈرائیور فیاض احمد ساکنہ چدوس محکمہ صحت کا ایک ملازم محمد عرفان زخمی ہوگئے۔ دونوں کو نیل باٹو کے طبی مرکز میں علاج کیلئے داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔ نیل کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ چملواس سے نیل باٹو تک رابطہ سڑک کا بیشتر حصہ تباہ ہو چکا ہے پی ڈبلیو ڈی کے بعد اب پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے اس صورتحال کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک پر گاڑی والے حادثوں کے خوف سے چلنے سے گریز کرتے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے نیل۔ چملواس رابطہ سڑک کو بہتر بنانے کیلئے مرمت کا کام جلد از جلد شروع کریں تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ہیوگن نیل روڈ کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی حکام سے اپیل کی ہے۔