جموں //خوراک ، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے فنکاروں کو ملک اور بیرون ملکوں میں ریاست کیلئے امن کے سفیر بننے پر زور دیا ہے ۔ آج جموں یونیورسٹی میں انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائین آرٹس کی سالانہ کلا سنگم ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور فنکار آزاد دماغوں کے مالک ہوتے ہیں جو عوام کے درمیان دوریوں کو کم کرنے میں اہم رول ادا کر سکتے ہیں ۔ وزیر نے ریاست کے فنکاروں کو ملک اور بیرون ملکوں میں ریاست کیلئے امن کے سفیر بننے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ امن کا پیغام عام کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے ریاست کی ثقافت اور تمدن کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے فنکاروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی دی ۔ انہوں نے یونیورسٹی کی آرٹ گیلری میں اپنے فن پاروں کی نمایش کرنے پر فنکاروں کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے ادارے کے طلبا کی بھی سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہُنر مندوں کو صحیح پلیٹ فارم فراہم کرنے میں ادارے کا اہم رول ہے ۔ انہوں نے فن کے تحفظ کیلئے یونیورسٹی کی سراہنا کی ۔ انہوں نے نوجوانوں کو قوم کی تعمیر میں اپنا رول ادا کرنے کی تلقین بھی کی ۔