سرینگر// بی جے پی کی جانب سے کشمیر میںمتعلقین سے کسی بھی بات چیت سے انکار کے ایک روز بعد پی ڈی پی سربراہ اور ریاست کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت سنگ بازوں کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ انہیں مشکلات ومصائب سے نکالا جاسکے ۔اننت ناگ کھنہ بل ڈاک بنگلے میں اپنے بھائی تصدق مفتی کے لئے الیکشن مہم چلانے کے دوران پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’پتھر بازوں کے مطالبات بغور سننے لئے ان کے ساتھ بات چیت ضروری ہے تاکہ ان کے مشکلات و مصائب کو حل کیا جاسکے ۔ محبوبہ مفتی نے وادی کے نوجوانوں کی ہنرمندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت سنگ بازوں کی رہنمائی کی ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے ان کے ساتھ بات چیت کر ے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’نوجوانوں کو سنگ بازی کے دلدل سے نکا لنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ‘‘۔ان کا یہ بیان بی جے پی کے ریاستی ترجمان وریندر گپتا کے بیان کے ایک دن بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے پاکستان اور دیگر متعلقین جس میں حریت اور سنگ باز بھی شامل ہیں ،سے موجودہ صورت حال میں کسی بھی طرح کے مذاکراتی عمل کے امکان کو مسترد کیا تھا ۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ کے بھائی اور اننت ناگ سے ضمنی پارلیمانی انتخاب کے نامزد امیدوار تصدق مفتی نے جموں کے جگتی مائیگرنٹ کیمپ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سنگ بازوں کے ساتھ بات چیت پر زو دیاتھا ۔تاہم جمعہ کو بی جے پی کے ریاستی ترجمان نے آزادی اور پاکستان نوازوں کی جانب سے وادی کے مختلف مقامات پر بھارت مخالف پوسٹروں کے خلاف سنجیدہ نوٹس لینے کی تلقین کی جبکہ بی جے پی نے قبل از وقت ہی ضمنی پارلیمانی نتخابات کے لئے پی ڈی پی کو حمایت کا اعلان بھی کیا ہے ۔ ماضی میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا6سالہ اقتدار سنگ بازوں کے مشکلات و مصائب دور نہ کرنے کاعندیہ دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا ’’پی ڈی پی کے 2008کے دور اقتدار میں ہمیں ملی ٹنٹو ں کا سامنا ہی رہا لیکن اس وقت سنگ بازی نہیں ہوتی تھی جواس مدت کے بعد شروع ہوئی جس کو روکنے کے لئے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی جانب سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ’’سیکورٹی فورسز پر ملی ٹنٹوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے دوران سنگ بازی جو اب قابل تشویش ہے دراصل گذشتہ 6سال سے ہی شروع ہوئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2014میں اقتدار سنبھالتے ہی سنگ بازی کے مختلف کیسوں میں ملوث نوجوانوں کے مقدمات کا از سر نو جائزہ لینا ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سنگ بازی میں ملوث افراد کے کیسوں کا ایک بار پھر جائزہ لے گی ۔ تصدق مفتی نے نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پوری طرح گھل سڑگیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم اس نظام میں تبدیلیاں لائیں گے، بھلے ہی ہمیں اس کے لئے باہر سے ماہرین کا تعاون حاصل کرنا پڑے ۔اس موقع پر پارٹی کے سینئرقائدین محبوب بیگ اور سرتاج مدنی نے بھی خطاب کیا ۔