سرینگر//معروف معالج اور حکمران جماعت پی ڈی پی کے سابق ترجمان اعلیٰ ڈاکٹر سمیر کول نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر سمیر کول نے سنیچر کو سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقعہ پر ناصر اسلم وانی،دیوندر سنگھ رانا اور جنید اعظم متو بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق نے ڈاکٹر سمیر کول کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سمیر کول کی شمولیت سے پارٹی مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی واپسی سے متعلق پارٹی کا ایجنڈا بھی مستحکم ہوگا جبکہ مسلمانوں اور پنڈتوں کے درمیان رشتے بھی مضبوط ہونگے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر کول پارٹی کی سیکولر شبیہ کو برقرار رکھتے ہوئے فرقہ پرستوں کو علیحدہ کرنے کیلئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر کول نے بتایا کہ عمر عبداللہ کی سربراہی میں وہ ریاستی عوام کی خدمات اور انکے سیاسی حقوق ،وقار اور عزت کیلئے ہر وقت عوام کے احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات انجام دینگے۔