سرینگر //پی ڈی پی سینئر لیڈر اور پارلیمانی انتخاب سرینگر اور بڈگام کے انچارچ عمران رضا انصاری نے نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کو ووٹ دینا اُسکی قاتلانہ پالیسی کو ووٹ دینے کے برابر ہے ۔انہوں کہا کہ پی ڈی پی کا بھاجپا کے ساتھ اتحاد ریاست جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی کے حق میں تھا ۔ انصاری نے کہا کہ اگر پی ڈی پی کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں شامل ہو کر حکومت بنانا گناہ ہے تو یہی گناہ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی کیا جب اُس نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد قائم کر کے اپنے بیٹے عمر عبداللہ کو بی جے پی کے دور اقتدارمیں مرکزی وزیر بنایا ۔انہوں نے کہا کہ اُس وقت انہیں بی جے پی ایک عظیم پارٹی نظر آئی جبکہ آر ایس ایس بقول ان کے فرشتہ صفت پارٹی ہے۔ ماگام میں لوگوں کی بھاری تعداد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس 2014کے انتخابات کے بعد بی جے پی کے ساتھ اتحاد قائم کرنا چاہتی تھی اور اب جب ہم نے ان کے ساتھ اتحاد کیا تو ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تعجب یہ ہے کہ یہ پارٹی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کیلئے مذہب کے نام پر ووٹوں مانگ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو ووٹ دینا ان کی قاتلانہ پالیسی کو ووٹ دینے کے برابر ہے کیونکہ کشمیریوں کے ساتھ آج تک ہوئے ہر ایک دھوکے پر نیشنل کانفرنس کے دستخط ہیں ۔انصاری نے کہا کہ جو انہوں نے ماضی میں کیا وہی مستقبل میں کرنے کیلئے اقتدارمیں آنا چاہتے ہیں ۔