نئی دہلی//ملک کا اگلا صدر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو بنانے کے شیوسینا لیڈر سنجے راوت کے خیال کی کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جعفر شریف نے حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدے کے لئے ان کے نام پر شاید ہی کسی کو اعتراض ہوگا۔ ذرائع کے مطابق مسٹر شریف نے وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ ملک کے صدر کے لئے مسٹر بھاگوت کے نام پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف نظریات ہیں اور اس طرح کے تنوع والے ملک کے لئے یہ فطری ہے۔ مسٹر بھاگوت اگرچہ کسی خاص نظریے سے تعلق رکھتے ہوں لیکن ان کی حب الوطنی، یہاں کے لوگوں کے لئے ان کی محبت اور قوم کے تئیں مخلص ہونے پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ راوت نے مسٹر بھاگوت کو ملک کا اگلا صدر بنائے جانے کے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی بے داغ شبیہ کی وجہ سے وہ صدر کے لئے موزوں شخصیت ہیں۔ اس وقت ملک میں وہ ہندوتو کا چہرہ ہیں۔ بہرحال مسٹر بھاگوت نے کہا تھا کہ وہ اس عہدے کی دوڑ میں نہیں ہیں۔ موجودہ صدر پرنب مکھرجی کی مدت کار 25 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔