سرینگر//ضلع سرینگر اوراننت ناگ کی پارلیمانی نشستوں کے آزادانہ اورمنصفانہ چنائو عمل کے لئے ڈپٹی الیکشن کمشنر آف انڈیا سندیپ سکسینہ نے مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا۔ڈپٹی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ چنائو عمل کے احسن طور انعقاد کے لئے انتظاما ت کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔؎جن سیاسی جماعتوںکے نمائندوں نے ڈپٹی الیکشن کمشنر کے ساتھ ملاقات کی ان میں نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی،بی جے پی،انڈین نیشنل کانگریس،بہوجن سماج وادی پارٹی اورکیمونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے علاوہ نیشنل پنتھرس پارٹی شامل ہیں۔میٹنگ میں چیف الیکشن آفیسر شانت منو بھی موجود تھے۔ڈپٹی الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کو بغور سُنا۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی جماعت کو تحفظات یا خدشات ہوں تو الیکشن کمیشن آف انڈیا ان پر غور کرسکتا ہے۔سیاسی جماعتوں نے ڈپٹی الیکشن کمشنر کے ساتھ مثالی ضابطہ اخلاق ،پولنگ مراکز کے مقامات،چنائو اخراجات اور دیگر متعلقہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔