سرینگر//بڈگام کے کئی علاقوں میں انتخابی مہم جاری رکھتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہاہے کہ آنے والے انتخابات ہمارے اور عوام کیلئے ایک امتحان کی گھڑی ہے، ایک طرف تمام فرقہ پرست جماعتوں نے مل کر پی ڈی پی کو میدان میں اتار کر کشمیریوں کے مفادات کو سلب کرنے کیلئے تمام مشینری متحرک کردی ہے اور دوسری جانب یہاں کے عوام کی آواز کو تقسیم کرنے کیلئے نت نئے حربے اپنائے جارہے ہیں۔ عوام کو اس بات فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ راشٹر سیوک سنگھ (RSS)کو مضبوط کرنے کیلئے پی ڈی پی کو ووٹ دیں گے یا پھر اپنے مفادات اور احساسات کے تحفظ کی ضامن نیشنل کانفرنس کوکامیاب بنائیں گے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے حق میں چنائوی مہم کے دوران چرار شریف میں مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئینیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ پی ڈی پی اور بھاجپا مل کر گوجر اور بکروال کو پہاڑی سے، شیعہ کو سنی سے اور مسلمان کو ہندو سے ، سکھ کو عیسائی اور بودھ سے، جموں کو کشمیر سے اور کشمیر کو لداخ سے لڑوانے اور دور کرنے کی سازشوں پر عمل پیرا ہے۔ راتھر نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت انتخابات میں سرکاری مشینری ، ووٹ کے بدلے نوٹ اور دیگر حربے اپنانے کیلئے کام میں لگی ہوئی ہے ، ایسے میں نیشنل کانفرنس سے وابستہ ہر ایک فرد کا یہ فرض بنتا ہے کہ ان کوششوں کو ناکام بنایا جائے۔اس دوران بڈگام میں نیشنل کانفرنس کی طرف سے کئی چنائوی سرگرمیاں کا انعقاد ہوا ۔ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ نے بڈگام کے رائے دہندگان سے پُر زور اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے ناپاک عزائم اور کشمیر دشمن پالسیوں کاتوڈ کرنے کے لئے صف آراء ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم مل جل کر آر ایس ایس میڈ پی ڈی پی کو دندان شکن جواب دے کر صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔