سرینگر//فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیراحمد شاہ نے ریاستی عوام کے اس موقف کو ایک بار پھر دہرایا کہ بھارتی حکمرانوں کی توسیع پسندانہ اور عوام مخالف ایجنڈا کے باوجود تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچاکر دم لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کی کوئی بھی انتہا ہمیں اپنے مقصد سے دور نہیں رکھ سکتی ۔اپنے ایک بیان میں شبیر احمد شاہ نے کہا کہ اگر واقعی انہیں اپنے عوام سے ہمدردی ہے اور ان کی بھلائی کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں جموں کشمیر سے متعلق منصفانہ اور قابل قبول حل کے لئے سبھی فریقین سے مذاکرات کے لئے اپنی حامی بھر لینی چاہئے ۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ ٹنل کا افتتاح ہو یا دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کا پروگرام ہو یا سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر ،یہ سب ہمیں رجھانے میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔ شبیر شاہ نے جموں کشمیر کے سیاسی مستقبل کے تعین کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں یا سہ فریقی مذاکرات کو شاہ کلیدقرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پہل کرکے نہ کسی کی انا پرزد آئے گا اور نہ ہی کسی ہار جیت کے تصورکا کوئی امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بر صغیر کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور اس سلسلے میں یورپین ممالک اور بالخصوص برطانیہ کو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ تقسیم ہند سے فارمولہ کے وہی موجد ہیں اور اس سلسلے میں وہ آنکھ نہیں چرا سکتے ۔اس موقع پر شاہ نے کہا کہ رائے شماری کا طریقہ دنیا کے کئی ممالک میں آزمایا گیا لیکن جموں کشمیر سے متعلق بین الاقوامی برادری کی خاموشی اس بات کا مظہر ہے کہ انہیں شاید ان خطوں سے کوئی دلچسپی نہیں ،جہاں مسلمان اکثریت میں ہوں۔اپنے بیان میں انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس طرح دنیا کے دیگر مسائل اور معاملات نپٹانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ،تو کیا وجہ ہے کہ وہ جموں کشمیر میںگزشتہ 70سال سے جاری خون خرابے کی ان دیکھی کررہے ہیں ۔شبیر شاہ نے پاکستان کو مسئلہ کشمیر کا اہم اور بنیادی فریق قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارا محسن ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ جموں کشمیر کے تنازعہ سے متعلق اپنی کوششوں میں مزید سرعت لائیں گے اوراس سلسلے میںاو آئی سی ،یورپی یونین اور دیگر عالمی اداروں کی حمایت حاصل کرنے میں موثر لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔