سرینگر//’’جبری قبضہ نامنظور حق ہمارا رائے شماری‘‘ کے فلک شکاف نعرے بلند کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر آزاد ممبر اسمبلی انجینئر رشید نے وزیر اعظم نرندر مودی کی آمد پر لالچوک سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنا دے کر بھارت مخالف نعرہ بازی کی ۔اتوار کے روز درجنوں ورکروں کے ہمراہ ممبر اسمبلی لنگیٹ اور عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئر رشید نے ریذیڈنسی روڑ سرینگر پردھرنا دیا اور آدھے گھنٹے تک ’گو مودی گو بیک‘’یو این بولا رائے شماری ،مودی بولو رائے شماری ،حریت بولی رائے شماری ،تم بھی بولو رائے شماری ،جبری قبضہ نا منظور نا منظور ،کے فلک شکاف نعرے بلند کئے ۔اس دوران رشید نے ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’ نریندر مودی بھارت میں ہندوراج قائم کرنے پر تلے ہوئے ہیں ہمیں اُن سے کوئی ا قتصادی پیکیج نہیں چاہئے بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری چاہئے ۔‘‘رشید نے کہا کہ جب نریندرمودی خود کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے لوگ بھی ہندستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو پھر ڈر کس بات کا ہے آئیں رائے شماری کریں پھر دیکھیں کس میں کتنا دم ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے رشید نے کہا کہ بھارت اس ٹنل کے نام پر کشمیری عوام کو پوری دنیا میں بدنام کر رہا ہے ۔رشید نے کہا کہ بھارت جس کشمیر کو غلام کشمیرکہتا ہے وہاں سے اب برمنگھم کیلئے بس سروس چلنے والی ہے پاک چین راہداری کا فائدہ پورے کر گلگت بلتستان کے لوگوںکو مل رہا ہے لیکن یہاں کے لوگوں کو مار دھاڑ اور قتل غارت کے سواکچھ نہیں ملا ۔انہوں نے وزیر اعظم کی طرف مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کشمیریوں کو اس معمولی ٹنل کے نام پر پوری دنیا میں بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہو۔انہوںنے پچھلے 8ماہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مخلوط سرکار نے100سے زیادہ افراد کو ہلاک کیا ،6سو افرادسے زیادہ نوجوانوں کی آنکھیں چھین لیں ۔چھوٹے بچوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ لگایا ۔ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں بند رکھا ،اور اس طرح آج تک کشمیر میں لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کیا اور اب اس کا نعم البدل یہ ٹنل نہیں ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی اقتصادی پیکیج کی ضرورت نہیں ہے ہمیں صرف اور صرف رائے شماری چاہئے اُس کے علاوہ ہمیں کوئی اور پیکیج منطور نہیں ہے ۔