سرینگر // ہمدانیہ کالونی بمنہ کی رابطہ سڑک انتہائی خستہ حالت میں ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو آمدورفت کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈے پیدا ہوئے ہیں اور سڑک کی مرمت کے حوالے سے سرکار کی جانب سے کوئی بھی اقدمات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔ ہمدانیہ کالونی سیکٹر 7میں رہنے والے ایک مقامی شہری وقار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سڑک پر بڑی گاڑیوں کے چلنے سے کافی لوڈ رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس پر بچھایا گیا میکڈم ایک سال کے اند اند اکھڑ جاتا ہے ۔وقار کے مطابق یہ سڑک بارشوں میں نالے کی شکل اختیار کر لیتی ہے جبکہ معمولی دھوپ نکلتے ہی سڑک پر گردوغبار کے بادل چھائے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے آس پاس کی بستیاں گردوغبار سے بھری رہتی ہیں جس کی وجہ سے کئی بیماریاں لگنے کا اندیشہ بھی لاحق ہو گیا ہے ۔وقار نے بتایا کہ پچھلے سال اگرچہ سڑک پر مٹی اور روڑی ڈالی گئی تھی لیکن اُس کو سڑک پر بچھانے کیلئے کوئی بھی اقدمات نہیں کئے گے اور اس طرح بمنہ پل سے لیکر ہمدانیہ کالونی سیکٹر 12تک سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ سڑک کی مرمت کیلئے اقدمات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔