سرینگر/بلال فرقانی/ چاڈورہ کے سرائے خام پورہ علاقے میں نقب زنی کی ایک واردات کے دوران گر وگرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے خلاف سکھ فرقے سے وابستہ لوگوں نے لالچوک میں احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر اس واقعے میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ شہرمیں امیراکدل گوردوارہ کے باہر اتوار کو بعد سکھ برداری سے وابستہ درجنوں نوجوان نے چاڈورہ کے خام پورہ سرائے علاقے میں گزشتہ دنوں نقب زنی کی ایک واردات کے دوران گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔اس موقعہ پر گوردوارہ کمیٹی سرینگر کے صدر نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو کئی دن گزر چکے ہیں لیکن پولیس ابھی تک ملوثین کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے ۔ اس دوران مظاہرین نے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملوثین کو گرفتار نہیں کیا گیا تو سکھ فرقے سے وابستہ لوگ سڑکوں پر آئیں گے اور ممکنہ امن و قانون کی صورتحال کیلئے سرکار ذمہ دار ہوگی۔