جموں//پونچھ اور راجوری میں لائن آف کنٹرول پر ہندو پاک افواج کے مابین شدید گولی باری ہوئی ہے۔دفاعی ترجمان کا کہنا ہے کہ پیرکی صبح 9بجکر30منٹ پرپاکستانی فوج نے بغیر کسی اشتعال کے پونچھ کے دِگوار سیکٹرمیںفوج کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی جس سے وقت گزرنے کے ساتھ شدت اختیار کی۔فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی اور طرفین کے مابین گولی باری کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری رہا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اِس پار کی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم اس سے فوج کو کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسی علاقے میں ایک دھماکے کے دوران فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر ہلاک ہوگیا۔ادھر پیر علی الصبح راجوری کے بالاکوٹ سیکٹر میں سرحد پار سے گولی باری کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے جواب میں بھارتی فوج نے بھی فائرنگ کی۔یہ سلسلہ صبح11بجے تک جاری رہا لیکن یہاں بھی طرفین کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ادھرلائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سوموار کو اْس وقت کشیدگی دیکھنے میں آئی جب بھارتی فورسز کی جانب سے مختلف سیکٹرز میں کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔جبکہ گذشتہ روز کی فائرنگ میں زخمی ایک شہری چل بسا۔ پولیس کے مطابق صبح 9 بجے سے جاری گولہ باری کے نتیجے میں ضلع حویلی کے سیکٹر دیگوار میں محمد دین میر نامی شخص مارٹر شیل لگنے سے زخمی ہوا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ 60 سالہ شخص کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق 'بھارتی فورسز کی جانب سے ضلع پونچھ کے سیکٹر عباس پور اور گاؤں چڑی کوٹ، نکر کوٹ، کاکوٹا اور ڈھیروٹی پولاس پرمارٹر گولے فائر اور شلنگ کی جارہی ہے'۔دوسری جانب 3 روز قبل بھارتی افواج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شہری فوت ہوگیا۔عتیق قریشی راولپنڈی کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھاجہاںسوموار کو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔