سرینگر//محکمہ موسمیات نے وادی میں مغربی ہواﺅں کے دباﺅ کے تحت سرینگر ،جموں اورلہیہ شاہراہوں پر موسمی اعتبارسے حساس علاقوں میں منگل کو ممکنہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں مٹی اور برفانی تودے گرآنے کی وارننگ دیتے ہوئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ترجمان کے مطابق سخت مغربی ہوائیں جموں وکشمیر میں 4اپریل کو داخل ہوجائیں گی جس کی وجہ سے وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشیں اور بالائی علاقوں میں برف باری ہونے کے امکانات ہے جس کی شدت5اور6تاریخ کو ممکنہ طوربڑھ سکتی ہے جبکہ اسی مدت کے دوران جموں وکشمیر کے کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہونے کے امکانات ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ”منگل کی شام مغربی ہوائیں جموں وکشمیر میں داخل ہو جائینگی جس کے سبب وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہو سکتی ہے جس کی شدت5اور6کو ممکنہ طور بڑھ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سخت مغربی ہواﺅں کے زیر اثر وادی کے کئی علاقوں میں اس دوران ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے تاہم 7تاریخ سے موسم ٹھیک ہونے کے امکان ہیں ۔محکمہ موسمیات نے ممکنہ بارشوں اوربرف باری کے نتیجے میں مٹی اور برفانی تودے گر آنے کی واننگ جاری کرتے ہوئے سرینگر، جموں اورلہیہ شاہراﺅں پر موسمی اعتبار سے حساس علاقوں میں لوگوں کو اپنی نقل وحمل محدود کرنے کی ہدایت دی ہے۔جبکہ باغ مالکان سے اس مدت کے دوران دوا پاشی کرنے سے اجتناب کا مشورہ دیا ہے۔