بارہمولہ // بارہمولہ کے کنڈی علاقے سے تعلق رکھنے والے کالج طلباءکو ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے نتیجے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔طلباءکا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں صرف سومو سروس ہی دستیاب رہتی ہے جبکہ کئی ایک طلاب ایسے ہیں جو سومو گاڑیوں کا کرایہ ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں ۔طلاب کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کنڈی علاقے کے چندوسہ ، گوہن ، سلطان پورہ، ڈوڈ بوک ، شیر پورہ ، راجپورہ ، گوہن اورپچھر کے علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات دستیاب نہیں ہے ۔طلاب کا کہنا ہے کہ کئی طالب علم ایسے ہیں جو خطہ افلاس سے نیچے زندگی بسر کرتے ہیں اور ایسے میں یہ طلاب روزانہ بھاری سومو کرایہ ادا کرنے کے اہل نہیں ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کئی ایک طلباءایسے ہیں جو ہفتے میں ایک یا دوبارہی کالج کا رخ کرتے ہیں جس سے اُن کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے کیونکہ ان کے گھر والے روزانہ کی بنیاد پر سومو کرائے کے لوازمات پورے نہیں کر سکتے ہیں ۔ شگفتہ پروین نامی ایک طالبہ نے بتایا کہ اکثر طلاب گھروں میں ہی رہنے کو ترجیج دیتے ہیں ۔اس سلسلے میں جب کشمیر عظمیٰ نے اسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسر بارہمولہ سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ کنڈی علاقے کے زیادہ تر لوگ سومو گاڑیوں کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ بس سروس کےلئے دلچسپی رکھتے ہیں تو انہیں یہ سروس دستیاب رکھنے میں بھی کوئی مشکل نہیں ۔