پونچھ//ناکھاں والی سڑک کے اوپر والے چوک پر ایک نکاسی نالہ پچھلے کئی سال سے عوام کے لئے درد سر بنا ہوا ہے۔ نالے میں کئی محلہ جات سے پانی کے ساتھ گندگی بہہ کر آتی ہے جس کی وجہ سے یہ نالہ اکثر بند ہو جاتا ہے اور اس میں بہہ کر آنے والی گندگی سڑک پر بہنا شروع ہو جاتی ہے۔نالے کے بند ہونے کی وجہ سے اکثر اس جانب سے پیدل چلنے والے راہگیروں اور گاڑیوں پر چلنے والے لوگوں کو طرح طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس حوالے سے عوام کی جانب سے پہلے بھی کئی بار ضلع انتظامیہ کو نالے کی مرمت کرنے کی اپیل کی لیکن اس پر کوئی دھیان نہیں دیاگیا۔ ضلع انتظامیہ نالے کی صفائی کر کے اسے بحال تو کر دیتی ہے لیکن بعد میں یہ نالہ دوبارہ سے بلاک ہو کر لوگوں کے لئے مسائل کھڑے کر دیتا ہے۔چوہدری عبدالغنی نامی ایک بزرگ راہگیر نے کہا کہ ناکھاں والی سڑک کا یہ چوک پونچھ شہر کا دل ہے جہاں سے ضلع ہسپتا ل پونچھ،ضلع عدالت پونچھ،صدر بازار پونچھ اور چیف ایجوکیشن آفیسر کے دفتر کی جانب ہر روز بڑی تعداد میںلوگوں کا گزر ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پونچھ کا معروف مندر ،بگیالاں جامع مسجد اور مسجد اہل حدیث بھی اس کے بالکل ساتھ میں واقع ہیں جہاں آنے والے عقیدت مندوں کے کپڑے نجس ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس نالے کی بار بار صفائی کرنے کے بجائے اسے ایک ہی بار مکمل طور پر ٹھیک کیا جائے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس نالے کو منصوبہ بند طریقہ کار اپنا کر اس طرح بنائیں تاکہ لوگوں کو بار بار اس کی وجہ سے پریشان نہ ہونا پڑے۔رابطہ کرنے پر سی ای او میونسپل کونسل پونچھ نے یقین دلایا کہ وہ اس نالے کو دوبارہ تعمیر کرواکر اسے مزید کشادہ بنائیں گے ۔