منڈی// رہبر تعلیم اساتذہ فورم پونچھ نے ریاستی حکومت اور محکمہ تعلیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کی تنخواہیں جلد واگزار نہیں کی گئیں تو وہ بھوک ہڑتال کریںگے ۔ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے ضلع صدر حمید نباض نے کہا کہ انہیں حکومت کی اس بے رخی کا راز معلوم نہیں ہو رہا ہے کہ کیوں انہیں سڑکوں پر اترنے کے لئے مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ استاد ہیںاور ان کاکام قوم کے مستقبل کو سنوارنا، بچوں کو پڑھانا ہے مگر شائد حکومت کو یہ پسند نہیں ورنہ یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ قوم کے معماروں کو اس قدر ترسایا جائے۔نباض نے کہا کہ قوم کے معماروں کے بچے ایک وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں ۔انہوںنے محکمہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ وزیر تعلیم نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ مارچ کے آخری ہفتہ میں ایس ایس اے کے تمام اساتذہ کی مکمل تنخواہوں کو واگزار کیا جائے گا مگر گزشتہ ہفتہ بیان بدلتے ہوئے فرما یا کہ اب اپریل کے آخری ہفتہ میں تنخواہیں واگزار ہوںگی ۔انہوںنے کہا کہ یہ بیان بدلنا کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ یہ گزشتہ برس سے ہی رواج قائم کیا گیا ہے۔نباض نے کہاکہ اگر دس تاریخ سے پہلے پہلے ان کی مانگ پوری نہ کی گئی تو حکومت یہ ذہن نشین کر لے کے ان کی فورم ریاستی چیئرمین فاروق تانترے کی قیادت میں ریاست بھر میں بھوک ہڑتال اور کام چھوڑ احتجاج شروع کردے گی ۔فورم کے ریاست ترجمان ایم ایم پٹھان نے کہا کہ ایک طرف سے سرکار کہہ رہی ہے کہ پیسہ نہیں ہے تو دوسری طرف قانون سازیہ ارکان کے فنڈزبڑھائے جارہے ہیں اور چیئرمینوں کی تعیناتیاں ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئے وزیر تعلیم سے انہیں کافی زیادہ امیدیں تھیں لیکن وہ بھی شائد پریشانیوں کا ازالہ نہیں کرسکیںگے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت اساتذہ کو تذلیل کررہی ہے ۔اس موقعہ پر فورم کے چیف پبلسٹی سیکریٹری نشاط تانترے، منظور تانترے، فاروق احمد تانترے،مقداد علی، افضل شیخ، چودھری خادم حسین،اعجاز احمد،فاروق منگرال وغیرہ بھی موجود تھے۔