سرینگر// نیشنل کانفرنس حلقہ انتخاب خانیار اور عیدگاہ کی جانب سے کل متعدد چناوی جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد ہوا ۔جن میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر( ایم ایل اے خانیار) اور پارٹی کے لیڈر و ایم ایل اے عیدگاہ حاجی مبارک گل نے خطاب کیا ۔ علی محمد ساگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست کے عوام خصوصاً وادی کے لوگوں کو اس وقت ان کشمیر دشمن اور مسلم دشمن عناصروں کے عزائم پر کڑی نگرانی رکھنی چاہئے جو ریاست کے مسلم شناخت کو ہر سطح پر نقصان پہچانے اور اس کی ہیت اور اہمیت میں تبدیلی لانے پر تلے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دفعہ 370 کے مکمل خاتمہ کے ساتھ ساتھ ریاست کو پورے طور پر ہند وستان میں ضم کرنے کے پیچھے پڑے ہیں ۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ لوگ اس وقت لوگوں میں دہشت پھیلانے کے ساتھ ساتھ رائے دہندگان میں خوف و ہراس پھیلا کر اپنے حق رائے دہندہ سے باز رکھنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں جس کی مثال حالیہ چاڈورہ اوردیگر مفصلات شامل ہے ۔ انہوں نے عوام کو خبر دار کیا اور اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف متحد ہو کر انہیں داندان شکن جواب دیں جس کا واحد طریقہ اور کار یہی ہے کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو دیں، جو ریاست کے لوگوں کی صحیح نمائندگی کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ادھرحلقہ انتخاب عید گاہ کی جانب سے جاری چناؤی مہم جاری رکھتے ہوئے پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے عیدگاہ مبارک گل نے چناؤی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی کے خلاف صف آرا ء ہو کر ان کشمیر دشمن اور مسلم دشمن عناصروں کو صف ہستی سے ہٹا دیں جو ریاست کے تشخص ، پہچان ، افرادیت ختم کرنے کے درپہ ہیں اور جس کی پشت پناہی بے ضمیر اور وطن فروش پی ڈی پی جماعت کر رہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رائے دہندگان اپنے قیمتی ووٹوں سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ اس موقعہ پر پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر میر سیف اللہ نے بھی خطاب کیا۔