سرینگر// برصغیر اور ریاست کے طول ارض میں بلند پایہ ولی کامل حضرت خواجہ نواز، غریب نواز حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کا 804واں عرس مبارک نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ وادی میں سب سے بڑی تقریب تاریخی خانقاہ معلی ؒ میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ نمازکے بعد ختمات المعظمات، درود ازکار کی مجالس آراستہ ہوئی۔ اس موقعے پر بقعہ عالیہ کے خادم زیارت پیرزادہ محمد یاسین ظہرہ نے حضرت خواجہ اجمیری کی پاک سیرت تاریخ ساز اسلامی خدمات اور برصغیر میں اسلام کی اشاعت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی ۔خانقاہ حضرت شیخ محمد چشتیؒ زالڈگر میں بھی قرآن خوانی ، ختمات المعظمات کی مجلس آراستہ ہوئی۔ اس موقعے پر حضرت خواجہ شیخ محمد چشتیؒ کے تحریز کردہ قرآن پاک کے قلمی نسخوں کی بھی نشاندہی کی گئی جبکہ ریاست کے تمام خانقاہوں میں ایسی تقاریب کا انعقاد ہوا۔ ۔ تقریب میں علماء، ایمہ مسجد اور حضرت خواجہ معین الدین چستی عقیدت مندان خصوصاً چستی کے معزز کے افراد بھی موجود تھے۔