بانہال // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق آج صبح سے ہی بانہال اور وادی چناب کے دیگر علاقوں میں بارشوں کا ہلکا ہلکا سلسلہ شروع ہوا جو شام ہوتے ہوتے تیز بارشوں میں تبدیل ہوگیا تاہم بارشوں کے باوجود بھی جموں سرینگر شاہراہ پر سرینگر سے جموں آنے والا ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری رہا۔ آج سرینگر سے جموں کی طرف ٹریفک کو یکطرفہ طور چلنے کی اجازت تھی۔ آج صبح سے ہی ٹنل کے آر پار مطلع ابر الواد تھا اور بانہال۔ ادہمپور سیکٹر اور وادی چناب کے علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشیں شروع ہوئیں تاہم منگل کی سہہ پہر چار بجے بعد بارشوں کا سلسلہ تیز ہوگیا جو شام تک جاری تھا۔ کئی علاقوں میں تیز بارشوں اور ژالہ باری کی وجہ سے کئی ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی جبکہ کئی علاقوں میں ژالہ باری اور بارشوں کی وجہ سے پھلدار درختوں پر لگے پھول جھڑ بھی گئے ہیں۔ بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور آج وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے والے بھاری ٹریفک کو ناشری ٹنل کے باہر قائم کئے گئے ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے دوران گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں اور ہلکے ہلکے ٹریفک جام کے سلسلہ سے بھی وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ آج شام تک وادی کشمیر سے جموں کی طرف سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیوں نے ٹنل کو پار کیا تھا اور اس دوران بانہال ریلوے سٹیشن ، بانہال ، رام بن اور وادی چناب کیلئے مسافر بردار گاڑیوں کو مخالف سمت سے بھی چلنے کی اجازت تھی۔ بارشوں کی وجہ سے وادی چناب کے بیشتر علاقوں میں سردی میں خاصا اضافہ ہوا ہے اور پچھلے کئی روز سے گرم موسم کی وجہ سے لوگوں کی طرف سے ترک کئے گئے گرم ملبوسات کو دوبارہ استمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ واضع رہے کہ محکمہ موسمیات نے منگل سے جمعہ تک ریاست میں بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور منگل کے روز بارشوں کے سلسلے کا پہلا دن تھا۔ شدید بارشوں کی وجہ سے فورلین شاہراہ کی تعمیر کی وجہ سے بانہال اور ناشری کے سیکٹر میں کھودی گئی شاہراہ کے متعدد مقامات پر بھاری پسیوں اور پتھروں کے گر انے کے سلسلے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے جو شاہراہ پر ٹریفک کے سلسلے کو متاثر کر سکتے ہیں ۔ ادھر بانہال کے نزدیک ٹھٹھاڑ علاقے میں ٹریفک پولیس کی طرف سے گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران چند گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا۔ کئی مسافرون نے فون کرکے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹریفک پولیس نے اڑ بل ٹھٹھاڑ کے نزدیک ایک ایسی جگہ پر گاڑیوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے ناکہ لگا رکھا تھا جہاں پر راستہ نہایت ہی تنگ تھا اور سرینگر سے جموں آنے والا ٹریفک اور مقامی ٹریفک کم از کم دو گھنٹے تک ٹریفک جام میں پھنسا رہا۔ جموں وکشمیر بنک سے وابستہ ایک اہلکار نے بتایا کہ کہ انہیں بانہال سے جموں کشمیر بنک برانچ ٹھٹھاڑ تک پہنچنے میں سات کلومیٹرکا سفر طے کرنے میں اڑھائی گھنٹوں کا وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے شاہراہ کے ایک تنگ حصے پر اپنی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا جس کی وجہ سے دونوں طرف سے ٹریفک کی لمبی لمبی قطاروں کو دیکھا جا سکتا تھا۔