سرنکوٹ//تحصیل سرنکوٹ کے تعلیمی زون بفلیاز میں واقع بیر فضل آباد سب سے پچھڑا ہوا علاقہ ماناجاتاہے جہاں سرکار کی جانب سے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے لئے ایک مڈل اسکول توقائم کیاگیا ہے لیکن اس علاقہ کے عوام کی بدقسمتی کہ یہاں تعینات اساتذہ اسکول میں ہمیشہ تاخیر سے آتے ہیں اور جلدی چھٹی کر کے واپس چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے بچوں کا سخت تعلیمی نقصان ہو رہا ہے ۔ اسکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے والدین بہت زیادہ فکر مند ہیںاوران کاکہناہے کہ ایک تو اساتذہ تاخیر سے اسکول پہنچتے ہیں اورپھر جلدی چلے جاتے ہیں۔والدین نے بتایاکہ یہی نہیں بلکہ ان اساتذہ نے باری لگا کر رکھی ہے، پہلے دن جو استاد آتے ہیں وہ دوسرے روز چھٹی پر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گائوں جوکہ ایک پچھڑا ہوا گاؤں ہے، تحصیل صدر مقام سے پندرہ کلو کی دوری پر واقع ہے۔گاؤں کی عوام نہایت غریب ہے جومحنت مزدوری کرکے اپنے اہل و عیال کا پیٹ پالتی ہے ۔ والدین کاکہناہے کہ مڈ ڈے میل کا بھی غلط استعمال کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے بچوں کا مستقبل اندھیرے میں نظر آرہا ہے کیونکہ گائوں کا اسکول ایک تفریح گاہ بنا دیا گیاہے۔ایک شخص نے الزام لگایا کہ اسکول میں تعینات چھ اساتذہ میں سے صرف ایک یا دو حاضر رہتے ہیں جبکہ زیر تعلیم طلبا کی تعداد 150 ہے۔رابطہ کرنے پر زونل ایجوکیشنل آفیسر بفلیازنے بتا یا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں ایک ٹیم اسکول کے معائنہ کے لئے روانہ کی تھی جس کی رپورٹ کے بعد انہوں نے اساتذہ کوانتباہ دیا تھا کہ اگر انہوں نے اپنا کام ایمانداری سے نہ کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں خود کارروائی کریں گے اور لاپرواہی کا نوٹس لیاجائے گا۔