پونچھ//سرکار کی جانب سے قصبہ پونچھ میں ترقیاتی کاموں کے لئے واگزار رقومات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے لوگوں نے کہاکہ محلہ شیر کشمیر وارڈ نمبر 2 میں پچھلے دو سال سے محلہ میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کروایا گیا ہے جبکہ اس محلہ میں2014میں آئے سیلاب کے دوران بہت زیادہ نقصان ہواتھا ۔ نیشنل کانفرنس کارکن نذیر احمد جنگی نے کہاکہ محکمہ کی جانب سے سیاسی رسہ کشی کی جا رہی ہے جس کا شکار محلہ کے بے گناہ غریب لوگ ہو رہے ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ پورے قصبہ میں اس سال اگرچہ مارچ سے قبل ہی سڑکوں کی مرمت کی گئی لیکن محلہ شیر کشمیر میں پچھلے دو سال سے کچھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اس سلسلہ میں محکمہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی اپیل کی ۔شبیر احمد،مظفر حسین شاہ،سیف دین شاہ،قاضی محمد سلیم اور اکبر خان نے بھی میونسپل کونسل کے افسران کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ محمد ہارون ملک سے ذاتی مداخلت کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے جو محلہ کے ساتھ ہوئے سوتیلے سلوک کا جائزہ لے ۔