کولمبو// کشل پریرا (77 رن) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت سری لنکا نے بنگلہ دیش کو یہاں پہلے ٹوئنٹی -20 میچ میں سات گیند باقی رہتے چھ وکٹ سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چھ وکٹ پر 155 رن کا مشکل اسکور کا ہدف دیا جسے سری لنکا ئی بلے بازوں نے پریرا کی قیادت میں 18.5 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 158 رن بنا کر حاصل کر لیا۔ پریرا نے 53 گیندوں کی اپنی تیز طرار اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ انہوں نے کپتان اپل ترنگا (24) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 65 رن جوڑ کر اپنی ٹیم کو مضبوطی عطا کی۔ پریرا کی یہ ساتویں ٹوئنٹی -20 نصف سنچری تھی۔ دیگر بلے بازوں میں ایسیلا گنارتنے نے 17 اور سیکوگے پرسنا نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 22 رن بنائے ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مشرف مرتضی نے چار اوور میں 32 رن دے کر دو اور تسکین احمد نے ایک وکٹ لیا۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش نے بلے بازوں کی چھوٹی چھوٹی لیکن مفید اننگز کی بدولت 20 اوور میں 155 رن بنائے تھے ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سومیہ سرکار نے 29، شبیر الرحمن نے 16، ثاقب الحسن نے 11، محمد صادق حسین نے ناٹ آؤٹ 34 اور محمد اللہ نے 31 رن بنائے ۔ سری لنکا ئی گیند بازوں میں تجربہ کار لست ملنگا کو دو اور وکم سنجیا، گنارتنے اور پرسنا کو ایک ایک وکٹ ملا۔(یو این آئی)