سرنکوٹ //سرنکوٹ کی پنچایت اپر سنئی کے محلہ خواجہ چھمبرکے لوگ پچھلے چالیس دنوںسے گھپ اندھیرے میں ہیں کیونکہ ان کا بجلی ٹرانسفارمرجل چکاہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق وہ چالیس دن سے بغیر بجلی کے زندگی بسر کررہے ہیں لیکن محکمہ کو کوئی پرواہ ہی نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کی لاپرواہی انہوںنے کبھی نہیں دیکھی جو محکمہ بجلی کی طرف سے برتی جارہی ہے ۔پنچایت کے سابق سرپنچ وحید حسین شاہ کاکہناہے کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ ایک علاقہ چالیس روز سے اندھیرے میںہے لیکن محکمہ کوٹس سے مس نہیں ۔انہوںنے کہاکہ متعلقہ حکام کو اس بارے میں آگاہ بھی کیاگیالیکن وہ خواب غفلت میںہیںاور اب تک کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔وحید کے مطابق محلہ میں25کے وی کا ٹرانسفارنصب ہے جو بھاری لوڈ کی وجہ سے جل گیاتھا، لوگوں کی مانگ ہے کہ 63کے وی کا ٹرانسفارمر نصب کیاجائے لیکن نہ ہی ان کی یہ مانگ پوری کی جارہی ہے اور نہ ہی پرانے ٹرانسفارمر کو ٹھیک کراکے بجلی سپلائی بحال کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بڑ اٹرانسفارمر لگنے تک اسی خراب ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرکے بجلی سپلائی بحال کردی جائے ۔اس بارے میں محکمہ کے متعلقہ جونیئر انجینئر کاکہناہے کہ بارش ہونے کی وجہ سے میکنک موقعہ پر نہیں جاسکاہے ،جیسے ہی موسم صاف ہوگاتو وہ میکنک کو بھیج کر ٹرانسفارمر ٹھیک کروادیںگے ۔