پونچھ//رہبر تعلیم فورم پونچھ کے بینر تلے اساتذہ کا ایک ہنگامی اجلاس زیرِ صدارت عبوری ضلع صدر سید یوسف شاہ پونچھ میں منقعد کیا گیا ۔اس اجلاس کے دوران فورم کے ریاستی جنرل سکریٹری نجم جعفری نے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کوتنخواہیں واگزار نہ کرنے پر غم و غصہ کا اظہار کیا۔انہوں کہا کہ ایس ایس اے زمرے میں آنے والے اساتذہ کی چار ماہ سے تنخواہیں واگزار نہ کی گئی ہیں جس کی وجہ سے انہیں کئی طرح کے مسائل سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اس مہنگائی کے دور میں سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں ان کے اہل و عیال بنا تنخواہ بھکمری کا شکار ہو رہے ہیں وہی وہ بچوں کی فیس تک ادا نہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سرکار پر الزام لگا تے ہوئے کہا کہ وہ تعلیمی نظام کو معیاری بنانے کے دعوے دکھاوے کیلئے کرتی ہے اور ان دعوئوں کی کوئی حقیقت نہیںہے ۔فورم جنرل سیکریٹری نے کہاکہ اساتذہ کو وقت پر تنخواہیں نہ دینا سرکار کی نا کامی کو ظاہر کر تا ہے ۔ یوسف شاہ نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ فی الفور اساتذہ کی بقایا تنخواہیں واگزار کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ تنخواہیں بند رکھ کر اساتذہ کو احتجاج کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر تنخواہیں واگزار نہ کی گئی تو وہ سخت احتجاج کریں گے۔ اس دوران پرویز احمد ، سید ظہیر شاہ، شمیم الحسن، اکبر علی، نیاز کرمانی، علی مرتضیٰ، شفیق احمد چوہان ، عبد القوی ، شکیل قریشی، فاروق بھٹی، خواجہ مجید، مختار احمد ، سفیر احمد ، محمد اکرم میر، رفیق احمد ، علی محمد، محمد افضل پسوال، اجے مینی، جہانگیر احمد، امرت پال سنگھ وغیرہ بھی موجود تھے۔