پونچھ//جامع انوار العلوم پونچھ میں سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین چستی غریب نواز اجمیری ؒ والرضوان کے عرس پاک کے سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس دوران جامع کے طلبہ نے تلاوت قرآن پاک کے علاوہ ذکر و اذکار کی محفل سجائی اور نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے اولیا اللہ کی شان بیان کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ کا مرتبہ بہت بلند ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جو حضرت معین الدین چشتیؒ کے مزار پر لاکھوں کروڑوں عقیدتمندوں کا ہجوم امڈ کر آرہا ہے اور اپنی خالی جولیاں بھر کے جارہا ہے ،یہ ثابت کرتا ہے کہ اللہ اپنے اولیاء کو کتنا عزیز رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اولیا انسان کو خدا تک پہنچنے کا راستہ دکھاتے ہیںاور ان کے وسیلے سے جو دعا مانگی جاتی ہے ،وہ اللہ قبول کرتا ہے۔ناظم اعلیٰ جامع مولانا حافظ مجید نے تمام شرکاء کا شکریہ اداکرتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جامع انوار العلوم کو اپنا بھرپور تعاون دیں تاکہ یہ مدرسہ مزید ترقیوں کی بلندیاں طے کر سکے۔تقریب کے اختتام پر جامع کے صدر المدرسین مولاناسید فدا حسین قادری نے دعائیہ کلمات کہے اورپوری دنیا میں امن و امان کیلئے دعائیں کیں۔