سرینگر//لبریشن فرنٹ، فریڈم پارٹی،مسلم دینی محاذ، انجمن شرعی شیعیان اور اسلامک پولٹیکل پارٹی نے انتخابات میں کسی بھی قسم کی شرکت کو قربانیوں کے ساتھ بے حرمتی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ’ہمیں ایک زندہ قوم کی حیثیت سے ہوشیار رہ کر اس الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہئے‘۔ لبریشن فرنٹ کے ایک بیان کے مطابق پارٹی قائدین و اراکین نے جنوبی اور وسطی کشمیر کے کئی علاقوں میں اپنی بائیکاٹ مہم جاری رکھتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ 9 اور12 اپریل کو ہونے والے الیکشن سے دور رہیں اور ووٹ ڈالنے سے پرہیز کریں۔بیان کے مطابق زونل صدر نور محمد کلوال، ظہور احمد بٹ اور ضلع صدور جاوید احمد بٹ و محمد اسحاق گنائی نے یہ مہم جنوبی کشمیر جبکہ شیخ عبدالرشید، محمد صدیق شاہ، محمد حنیف نے اراکین پیر عبدالرشید، نذیر احمد حجام، عبدالحمید ملک اورنثار احمد وغیرہ کے ہمراہ وسطی کشمیر میں اس مہم کو جاری رکھا ہوا ہے۔یاسر احمد و شفاعت احمد نے گاندربل جبکہ محمد اقبال اور غلام حسن نے کولگام کے علاقوں میں گھر گھر جاکر اس مہم کو آگے بڑھایا۔بیان کے مطابق جن علاقوں میں فرنٹ قائدین و اراکین نے بائیکاٹ مہم جاری رکھی ان میں کانجی اولر،اڈینہ،متی پورہ،برتھی پورہ، بٹہ مرن، مائسمہ، گائوکدل، بسنت باغ، گنپت یار،نئی سڑک،مندر باغ، سعدہ کدل، حسن آباد،موتی محلہ ، نشاط،خانصاحب، کرمشورہ، واگر،دریگام ،بگرو،چاڈورہ،، بوگام، کرالپورہ،مانچھواہ،موہن پورہ، چونسر،ژولگام، بدرو یاری پورہ ،بسر بگ، آلسٹینگ،درند،ہڈورہ،بہرام پورہ، نندپورہ، مندار، صوفی پورہ ،دانتر اور کھنہ بل وغیرہ قابل ذکر ہیں۔لبریشن فرنٹ قائدین نے متحدہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے مشتہر کردہ تحریری بائیکاٹ پیغام کو بھی پہنچایا۔اس دوران قائدین نور محمد کلوال اور ظہور احمد بٹ نے کئی عوامی جلسوں سے بھی خطاب کیا ۔بیان کے مطابق جمعرات کو ہی پولیس نے فرنٹ کے سرگرم رکن مشتاق احمد ساکنہ کورگ کو بیہامہ گاندربل سے گرفتار کرلیا ۔ لبریشن فرنٹ نے اس گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے ایک بار پھر ریاستی عوام سے اپیل کی ہے کہ یہ انتخابات اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ ہمیں مشن سے محبت ہے یا ان لوگوں کے جھانسے میں آئیں گے جو کل تک پیلٹ اور پاوا کے بل پر ہماری آنکھوں کی بینائی چھین رہے تھے۔موصولہ بیان کے مطابق دنیادیکھ رہی ہے اور مشاہدہ کررہے ہیں کہ ریاستی عوام ان انتخابات کے تئیں کیا رویہ اختیار کرتے ہیں اور زخم پر زخم سہنے والے ،اپنے جگر گوشوں کو قبروں میں دفنانے والوں اور انشاء اور اس طرح کے سینکڑوں بچوں کی آہوں ،آنسوں اورسسکیوں کا جواب بائیکاٹ سے دیتے ہیں یا ان کے جال اور چال میں آکراپنے لئے کانٹے بوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرت کا تقاضا ہے کہ ہم اس انتخابی عمل کو دھتکار کر ان سے خون کا حساب مانگیں۔ شاہ نے 9اور12اپریل کو امتحان اور آزمائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک بار پھر ہم نے کوئی غلطی دہرائی تو ہماری منزل طویل ہونے کا اندیشہ ہے ۔مسلم دینی محاذ کے جنرل سیکریٹری محمد مقبول بٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بے شمار مالی اور جانی قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے الیکشن کا بائیکاٹ کریں ۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن نے عوام سے مزاحمتی قیادت کے اس پروگرام پر من عن عمل کرنے کی پر زور تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی پارلیمانی انتخابات کے خلاف 9اپریل اور 12اپریل کو مکمل احتجاجی ہڑتال کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر میں روایتی انتخابات کا ڈرامہ 1947سے کھیلتا آیا ہے تاکہ اقوام عالم کو یہ تاثر دلایا جائے کہ جموں و کشمیر کے عوام جمہوری طریقے سے انتخابات میں حصہ لیکر ہندوستان کی انتظامیہ کے حامی ہیں۔ انہوں نے عوام سے ان انتخابات سے دور رہنے کی اپیل کرتے ہوئے متحدہ مزاحمتی قیادت کے دئے ہوئے پروگرام پر من عن عمل کرکے یہ واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا کہ کشمیری عوام بھارتی فوجی دبائو کے تحت ایسے کسی بھی انتخابی عمل کا حصہ بننے کے لئے بالکل تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر آج بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں متنازعہ حیثیت رکھتا ہے اور اسکا حل اقوام متحدہ کی پاس شدہ قرار دادوں کے تحت کشمیری عوام کا حق خود ارادیت بحال کرنے میں مضمر ہے جسکا وعدہ بھارت اور پاکستان نے کیا ہے ۔آغا حسن شیعہ سنی کارڈنیشن کمیٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں کارڈی نیشن کمیٹی سے وابستہ تقریباً سبھی اراکین شامل تھے ۔ اسلامک پولٹکل پارٹی اور نے انتخابی بائیکاٹ سے متعلق مہم کو جاری رکھتے ہوئے جنوبی اور وسطی کشمیر میں عوام میں الیکشن مخالف پوسٹرتقسیم کئے۔