پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک نے مسلسل بارش اور اگلے چند دنوںتک موسم خراب رہنے کی پیشن گوئی کے پیش نظر ضلع افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس کے دوران انہوں نے سیلاب ،برفانی تودے گرنے، زمین کھسکنے کے خطرات کو لیکر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں کے لئے دریا کے قریب رہنے والوں کو انتباہ دیں کہ وہ اپنے گھروں سے نکل کے محفوظ مقامات پرمنتقل ہوجائیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ نقل مکانی کرنے والوں کی رہائش کے لئے انتظامات کریں اور انھیں بسترے اور دیگر سہولیات فراہم کریں تاکہ ان کو مزید کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے سرنکوٹ اور دیگر علاقہ جات کے لوگوں کو بھی محفوظ مقامات سے نقل مکانی کی ہدایت کی جو درائوں کے کنارے مقیم ہیں اور سیلاب کی زد میں ہیں۔ضلع ترقیاتی کمیشنر نے ذرائع ابلاغ سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی لوگوں کو بیدار کریں تاکہ وہ کسی بھی طرح کے خطرے میں نہ رہیں اور محفوظ مقامات پرچلے جائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے پولیس اور سول انتظامیہ کو چوبیس گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن کے لئے ایئر فورس کی خدمات حاصل کی ہیں اور اس دوران سترہ افراد چنڈک، کلائی اور کروپنی کے سیلاب زدہ علاقوں سے نکالے گئے ۔ واضح رہے کہ ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ نے سرنکوٹ اورمنڈی کا اچانک دورہ کر کے محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے ملازمین معطل کیا ہے اور ایس ڈی ایم دفتر سرنکوٹ میں ان کے ساتھ منسلک مختلف سرکاری محکموںمیں غیرحاضرملازموںکیخلاف بھی کاروائی کی ہے جبکہ انہوں نے سرکاری دفاتر میں باقاعدگی اور وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے ایس ڈی ایم اور تحصیلدار کو سخت ہدایات کی ہے۔