ڈوڈہ/گندو//گذشتہ 24گھنٹوں سے جاری طوفانی بارشوں سے پورے ضلع ڈوڈہ میں روزمرہ زندگی کا نظام درہم برہم ہو کے رہ گیا ہے۔بدھ کی شام سے پوری ریاست کی طرح ضلع ڈوڈہ میں بھی بادلوں کی گھن گرج اور بجلی کی چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے تمام نظام ٹھپ ہو کے رہ گیا ہے اور لوگ اپنے اپنے گھروں میں محصور ہو کے رہ گئے ہیں۔بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ سمیت ضلع کی بیشتر سڑکیں جن میں ٹھاٹھری کلہوتران سڑک،دیسہ روڈ،بھرت روڈ،مرمت روڈ ،بھاگواہ اور کاستی گڑھ سڑکیں،ڈوڈہ بجارنی سڑک ،بھیلہ پنیجا سڑک،چرالا لنک روڈ اور دیگر علاقائی سڑکیں شامل ہیں،بہت سے مقامات پر پسیاں اور بھاری پتھر گر آنے کی وجہ سے بند ہو چکی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ڈوڈہ بھدرواہ سڑک پر بھی ٹریفک بری طرح سے متاثر رہی۔چنہنی کے نزدیک 132کے وی لائن میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے ڈوڈہ و کشتواڑ اضلاع میں بجلی کی سپلائی بند رہی جسے شام چار بجے بحال کیا جا چکا ہے۔مگر دوردراز علاقہ جات میںاکثر مقامات پر بجلی تاریں زمیں بوس ہو چکی ہیں اور پول ڈھ گئے ہیں جس وجہ سے تا حال ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہے۔ایکس ای این پی ایچ ای ڈوڈہ کے مطابق دیسہ نالہ اور کوٹی نالہ میں طغیانی کی وجہ سے ڈوڈہ دیسہ اور کوٹی ڈوڈہ واٹر سپلائی اسکیموں کو کافی نقصان پہنچا ہے جس وجہ سے پانی کی سپلائی بند ہے جسے بحال کرنے میں وقت لگے گا اوراس طرح قصبہ میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ضلع کے مختلف علاقوں میں بھی واٹر سپلائی اسکیموں کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور لوگوں کو پانی حاصل کرنے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تحصیل گندو،تحصیل چلی پنگل،تحصیل پھگسو،تحصیل ٹھاٹھری اور علاقہ مرمت کے مختلف دیہات میں تیز آندھی کی وجہ سے درجنوں مکانات کی چھتوں سے ٹین اکھڑ چکی ہے اور متعدد اسکولی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ایس ڈی ایم گندو چوہدری دل میر کے مطابق علاقہ چلی کے ہڈل گائوں کی مسجد کو شدید نقصان پہنچا ہے نیز چھ بھیڑیں گرتے درخت کی زد میں آ کر ہلاک ہوئی ہیں۔بھرتھی گائوں میں طالب حسین ولدِ عبدالجبار میر کے چارمنزلہ مکان کی بلائی چھت پوری طرح سے تباہ ہو گئی ہے جب کہ گائوں میں دیگر متعدد مکانات کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔آندھی اتنی شدید تھی کہ بہت سارے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں اورباغات اور فصلوں کا شدید نقصان ہوا ہے۔ پرانوں کے نزدیک سرونڈا کے مقام پر بجلی گرنے کی وجہ سے تلک راج ولدِ بھاگ چند ساکنہ سرونڈا نامی 159انفینٹری بٹالین ٹی اے اہلکار کے مکان کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ گورنمنٹ ہائی اسکول منگوتہ مرمت کا کچن شیڈ آندھی سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔گجوٹھ بھالہ میں ایک بیل درخت کے نیچے آ کر ہلاک ہوا ہے۔ قصبہ ڈوڈہ میں گذشتہ شام ہوئی ژالہ باری اور اُس کے بعد طوفانی بارش سے پانی دُکانوں میں چڑھ آنے سے دُکانداروں کا کافی نقصان ہوا ہے۔قصبہ کے اکرم آباد وارڈ میں نالوں میں طغیانی آنے کی وجہ سے متعدد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے جب کہ اراضی اورسبزیاں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ نالوں میں ظغیانی کی وجہ سے ملبہ لوگوں کی مکانوں کی چھتوں پر چڑھ آیاجب کہ پانی مکانات کے اندر پہنچ گیا۔نالوں میں طغیانی اور پانی کے تیز بہائو اور سڑکیں زیرِ آب آنے کے پیشِ نظر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کے ہدایت پرجمعرات کے روز تمام سرکاری اور غیر سرکاری اسکول بند رہے۔