سرینگر//شہر سرینگر میں سیلابی صورتحال کے بیچ جہاں لوگوں میں تشویش اورفکر پائی جارہی ہے وہیںکئی کالونیوں میں بارشوں کا پانی جمع ہوگیا ہے اور نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں مکانوں کے اندر پانی چلے جانے کا خطرہ ہے ۔جمعہ کو اگرچہ سول لائنز اور دیگر کئی مقامات پر پمپوں کے ذریعے جمع شدہ پانی نکالا گیا تاہم بمنہ ،مہجور نگر ،راجباغ ،نوگام اور شہر کے کئی بالائی علاقوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بارشوں کی وجہ سے ڈرینج سسٹم نا کارہ ہو گیا اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ گلی کوچوں میں پانی جمع ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی پیدل آواجاہی ناممکن بنی ہے جبکہ گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں پرسوارلوگوں کوبھی سیلاب جیسی صورتحال سے دوچارہوناپڑرہا ہے۔کالونیوں کے رہایشیوںنے بارشوں کے بعدسیلاب جیسی صورتحال پیداہونے کیلئے محکمہ یوای ای ڈی ،سرینگرمیونسپل کارپوریشن ،سرینگرڈیولپمنٹ اتھارٹی اورضلعی انتظامیہ کوذمہ دارٹھہراتے ہوئے کہاکہ برسوں سے ناکارہ پڑے نکاسی آب کے نظام میں موجودخامیوں اورکمزوریوں کودورکرنے کی طرف آج تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ معمولی بارشیں ہونے کے بعدپورے شہرسرینگرمیں ڈرنیج سسٹم کی پول کھل جاتی ہے لیکن کوئی بھی متعلقہ محکمہ اس جانب توجہ دینے کی زحمت تک گوارانہیں کرتا۔ادھر نائک باغ ابو بکر کالونی ، نوگام ، بڈشاہ نگر، نٹی پورہ کے رہائش پذیر لوگوں نے بتایا کہ بارشوں کا پانی انکے رہائشی مکانوں میں گھس چکا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈرنیج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے انکے گھروں میں بارشوں کا پانی جمع ہو گیا ہے اور وہ اب گھروں سے باہر نکلنے میں بھی قاصر ہے ۔ انہوں نے ایم ایل اے سید االطاف بخاری سے فوری مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے لوگوں کی فریاد اپنی نوٹس میں لاتے ہوئے بروقت اپنی توجہ مبذول کریں۔