سرینگر// ایک آٹو درائیور نے ایمانداری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے خاتون کے زیوارت سے بھرے بیگ کو واپس لوٹا دیا۔ بابا پورہ حبہ کدل کے رہنے والے آٹو ڈرائیور فاروق احمد بٹ ولد محمد شعبان نے جمعہ کو اس وقت اخلاص اور ایمانداری کی مثال پیش کی جب انہوں نے ایک خاتون کا کھویا ہوا سونے کے زیوارات سے بھرا بیگ واپس لوٹا دیا۔فاروق احمد بٹ نے کہا کہ جمعرات کو وہ کہیں جا رہا تھا اور پولو ویو کے نزدیک انہوں نے ایک بیگ پایا۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ وہ انٹرنیٹ کا استعمال نہیں کرتے تاہم آٹو میں جو مسافر موجود تھے انہوں نے فوری طور پر مذکورہ بیگ سے متعلق جانکاری سماجی وئب سائیٹوں پر دی۔فاروق احمد نے کہا کہ بعد میں شام کو مذکورہ مسافر نے ان کو فون پر آگاہ کیا کہ بیگ کے مالک کے بارے میں معلوم ہوا ہے اور وہ صبح بیگ لینے آئیں گے۔فاروق احمد نے کہا کہ میں نے پھر بیگ کے مالک سے فون پر بات کی اور ان کو آج یعنی جمعہ کو لالچوک میں بیگ واپس لینے کی صلاح دی۔ اس دوران فاروق احمد نے پریس کالونی میںمیڈیا کے سامنے سونے کے زیوارات سے بھرا بیگ اس کے مالک کو واپس لوٹا دیا،جس میں سونے کے زیورات تھے۔ فاروق احمد نے کہا کہ آٹو ڈرائیوروں کے بارے میں کچھ لوگوں کو غلط فہمی ہے اور اس لئے انہوں نے میڈیا کے سامنے سونے سے بھرا ہوا یہ بیگ اس کے اصل مالک کو واپس لوٹا دیا۔