استنبول //ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ شام کے شمال مغربی شہر ادلب میں خان الشیخون کے مقام پر گذشتہ منگل کے روز ہونے والے کیمیائی حملے کے بعد وہ اسد حکومت کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کا خیر مقدم کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق ترک صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک شام میں فوجی کارروائی کاحامی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اس میں مدد بھی فراہم کرے گا۔ترکی کے 'چینل سیون' نامی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ایردغان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ادلب میں فضائی حملوں کے ردعمل میں کہا ہے اسد حکومت کے ہاتھوں شہریوں کے وحشیانہ قتل عام کے بعد خاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ میں امریکی صدر کے اس بیان کا شکر گذار ہوں مگر اب وقت باتوں اور بیانات سے آگے بڑھ کر عملی کارروائی کا ہے۔