نئی دہلی// اس استدلال کے ساتھ کہ مسلمانوں کو تین طلاق کا حق مذہبی طور سے دیا گیا ہے آل انڈیا مسلم کانفرنس نے الزام لگا یا ہے کہ کچھ لوگ ذبیحہ گاو اور تین طلاق کا مسئلہ اٹھاکر ملک کی فضا کو مکدر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانفرنس کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں کسی بھی مذہبی معاملے میں مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ اسلام میں خواتین کو جو حقوق اور درجات دے ئے گئے ہیں، وہ کسی مذہب میں نہیں پائے جاتے اور جہاں تک تین طلاقوں کا تعلق ہے تو اس کا استعمال بہت ہی کم یاناگہانی صورت میں ہوتا ہے ۔یہ اطلاع کانفرنس کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید عبداللہ مدنی نے دی۔ میٹنگ میں مجلس عاملہ کے ممبران نے ملک کی موجودہ صورت حال اورملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، غریبی، تعلیم و صحت ،مسئلہ معاش اور امن سلامتی کے تعلق سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کو درپیش مذکورہ مسائل پر توجہ دینے کے بجائے غیرضروری باتوں پر زور دیا جارہا ہے جو کسی بھی طرح ملک کے مفاد میں نہیں۔ یوا ین آئی