جموں//پی ڈی پی کے بانی رکن و سابق ریاستی سیکریٹری عاشق حسین خان نے وادی ، پیر پنچال اور خطہ چناب میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر ہوئے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرین کی فوری امداد کی مانگ کی ہے ۔اخبارات کے نام جاری بیان میں عاشق حسین خان نے کہاکہ گزشتہ دنوں کی لگاتار بارش نے ایک بارپھر تباہی مچاکے یہ ظاہر کردیاہے کہ ہم سیلاب سے نمٹنے کیلئے بالکل بھی تیار نہیں اور جو نقصان 2014میںہواتھا، اس سے کچھ بھی سبق حاصل نہیں کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ اس سیلابی صورتحال کی وجہ سے چند افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ بڑے پیمانے پر املاک کی تباہی ہوئی ہے ۔ عاشق خان نے کہاکہ حکومت کو فوری طور پر اپنی ٹیمیں مامور کرکے نقصان کا جائزہ لیناچاہئے اور پھر متاثرہ کنبوں کی مدد کی جانی چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ مرنے والے افراد کے گھر سے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے ۔ پی ڈی پی سینئر لیڈر کاکہناتھاکہ حکومت کو اس بات کو یقینی بناناچاہئے کہ سیلاب متاثرین کو انصاف ملے اور ساتھ ہی ایک منصوبہ بند طریقہ سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کے علاوہ جموں صوبہ کے راجوری ، پونچھ اور چناب کے اضلاع میں تباہی ہوئی ہے اور خاص طور پر پونچھ ضلع سیلاب کا شکار ہواہے ۔ انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ ، پونچھ ، مینڈھر اور منڈی میں دریائوں میں آئی طغیانی نے بہت کچھ تباہ کردیاہے جبکہ میوہ صنعت کو بھی زبردست نقصان پہنچاہے ۔ عاشق خان نے کہاکہ متاثرین کی امداد کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں اور ساتھ ہی مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ موسمی حالات ریاست کیلئے کسی بھی طرح سے موزوں نہیں ہیں اور خدشہ ہے کہ اب مستقبل میں آنے والا کوئی بھی سیلاب بڑے پیمانے پر تباہی مچائے گااس لئے ابھی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔