پونچھ //درنگلی نالہ پر پل کی تعمیر نہ ہونے پر یوتھ سول سوسائٹی پونچھ کی جانب سے ریاستی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔اس موقعہ پر سوسائٹی کے چیئرمین امتیاز سلاریہ نے کہا کہ منڈی کو پونچھ شہر سے ملانے والا درنگلی نالہ پل ستمبر 2014 میں آئے تباہ کن سیلاب کے دوران تباہ ہو گیا تاہم تین سال گزر جانے کے بعد بھی اس اہم پل کی مرمت کا کام شروع نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ ننگالی صاحب اور سائیں بابا زیارت کے علاوہ پونچھ ضلع کا بہت اہم آستان بڈھا امرناتھ کو آپس میں جوڑنے والے اس پل کی جانب حکومت کی عدم توجہی اس کی لاپرواہی کا ثبوت دیتی ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ چند ہی دنوں بعد بیساکھی کا تہوار ہے جس پر پورے ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں عقیدتمند آتے ہیں،گزشتہ سال حکومت کی طرف سے یقین دلایا تھا کہ پل کم سے کم وقت میں بحال کیا جائے گا لیکن لوگ انتظار کر رہے ہیں اور حکومت خاموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے ممبران قانون سازیہ بھی خاموش بیٹھے ہیں اور اس پل کی تعمیر کاکام نہیں کیاجارہا۔احتجاج میں گرمیت سنگھ، ابرار اختر، عمران گنائی، موہت شرما، محمد راشد، امتیاز حسین، آصف میر،پرپلوت سنگھ ،جہانگیر خان، مزمل قریشی، ماجد خان، زاہد گل، آصف وغیرہ بھی شامل تھے ۔