راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری قومی شاہراہ سمیت سڑکوںکو بند کرکے احتجاج کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144نافذ کردیاہے ۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ احتجاج کے دوران لوگوں کو درپیش مشکلات اور سیکورٹی وجوہات کی بناپر لیاگیاہے ۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ممتاز علی کے دفتر سے جاری ہوئے حکم نامے میں کہاگیاہے کہ قومی شاہراہ اور دیگر سڑکوں پر ہونے والے احتجاج لوگوں کیلئے بہت زیادہ پریشانی کا باعث بنتے ہیں ۔حکمنامے میں مزید کہاگیاہے کہ طلباء ، مریض ان احتجاجوںسے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں جبکہ سیکورٹی فورس کو بھی آمدورفت میں مشکلات ہوتی ہیں ۔حکمنامے میں دفعہ 144کے نافذ کے ساتھ بتایاگیاہے کہ شاہراہ اور راجوری ضلع کی سڑکوں پر چار سے زائد افراد ایک جگہ جمع نہیںہوںگے اور نہ ہی نعرے بازی کی اجازت دی جائے گی ۔تاہم اس پابندی کاشادیوں اور آخری رسومات کی تقریبات پر اطلاق نہیںہوگا ۔