پونچھ// جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے شعبہ تقریر و تحریر انجمن احیاء السنت کا سالانہ تقریری انعامی مسابقہ مدنی ہال میں منعقد ہوا جس میںجامعہ کے طلبانے تلاوت کلام اللہ نعت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ،مکالمات اور تقاریر پر مشتمل پروگرام پیش کیا۔ پروگرام میں حصہ لینے والے طلبا کو جامعہ کی جانب سے انعامات سے نوازا گیا۔ اس سالانہ پروگرام میں صدارت کے فرائض ریٹائرڈ ڈائریکٹر سردار مطلوب الرحمن خان نے انجام دیئے ۔انہوںنے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ قرآن کریم عالم انسانیت کے لئے ایک نسخہ کیمیا اور قانون کی کتاب ہے، اگر امت مسلمہ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتو اس کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل قرآن کریم میں موجود ہے لیکن چونکہ مسلمان قرآنی تعلیمات پہ عمل پیرا نہیں ہو رہے جس کی وجہ سے وہ اس وقت مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیںاپنے بچوں کو قرآنی و حدیث کی تعلیمات سے آراستہ کرکے رضاے الٰہی کا ذریعہ بنانا چاہئے۔ ان کاکہناتھاکہ آج جب ہم امت مسلمہ کے مستقبل پر غور کرتے ہیں توہمارے سامنے داخلی و خارجی محاذ پر اتنے مسائل اور چیلنجز نظر آتے ہیں کہ جن سے ریڑھ کی ہڈیوں میں بھی سرد لہر دوڑ جاتی ہے اور مایوسی ہونے لگتی ہے۔اس دوران مہمان خصوصی الحاج بشیر احمد خاکی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔جامعہ کے طالب علم حافظ اعجاز احمد سلمہ نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا۔پروگرام کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مولانا سعید احمد حبیب نائب مہتمم جامعہ ہذانے کہا کہ الحمداللہ آج ضیاء العلوم علم و عمل اور فن و ہنر کی آماجگاہ کی شکل میں قوم کے سامنے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ضیاء العلوم کی مخلصانہ ،جاندار آبدار اور تابدار کاوشوں پر بجا طور پر فخر کرسکتی ہے کہ ضیاء العلوم نے قوم کو مایوسیوں کے اندھیروں سے نکال کر آج اس مقام پر لا کر کھڑا کردیا ہے کہ جہاں اس ایک دیپ سے ہزاروں شمعیں روشن کی جاسکتی ہیں۔