مینڈھر//ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے سوئیاں بالاکوٹ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ریاست میں خانہ جنگی جیسی صورتحال ہے اورعوام اپنے مستقبل کے لئے فکر مند ہیں۔انہوںنے کہاکہ ریاست سے متعلق تما م احکامات براہ راست ناگپور سے جاری کئے جا رہے ہیں،آج ہماری نوجوان نسل کے مستقبل کے فیصلے آر ایس ایس کے مرکزی دفتر سے لئے جاتے ہیں۔ جاوید احمد رانا نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں ریاست میں سیکولرازم کو کمزور کرنے میں مصروف عمل ہیںجو ایک بڑا چیلنج ہے،مستقبل میں اگر یہ فرقہ پرست قوتیں اپنے ان ناپاک مقاصد میں کامیاب ہوتی ہیںتو پورے ملک کی سلامتی کو خطرہ لا حق ہو سکتا ہے۔ جاوید احمد رانا ان دنوں عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں حلقہ انتخاب کے دورے پر ہیں ۔اسی سلسلہ میں انہوںنے پنچایت حلقہ گوہلد چوکی،پنچایت حلقہ لور دھارگلون اور سوئیاں کا دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل سنے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط اتحاد ریاست کے لئے ایک بڑا خطرہ ثابت ہوا ہے جس کی مثال اس اتحاد سے لئے گئے فیصلوں سے ثابت ہے ۔ ممبر اسمبلی نے سوئیاں پل کے لئے حلقہ ترقیاتی فنڈز سے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاجبکہ ڈسپنسری سوئیاں کی تعمیر کے لئے تمام فنڈز مہیا کروانے کا اعلان بھی کیا۔انہوںنے کہاکہ پانی کی قلت دور کرنے کیلئے نبارڈ سکیم کے تحت چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ایک لفٹ اسکیم منظور کروا دی گئی ہے جس پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا تاکہ گوہلد ،دھارگلون ،سندوٹ ، سوئیاں علاقہ کے عوام کو پینے کا پانی میسر ہو سکے۔اس موقعہ پر سردار زمرد حسین خان سابق سرپنچ گوہلد ،سردار شبیر احمد خان سابق سرپنچ دھارگلون، سید صادق حسین شاہ،سردار محمد اقبال خان، ماسٹر محمد بشیر خان، سید کالے شاہ،سید تنویر حسین شاہ وغیرہ نے بھی خطاب کیا ۔