سرینگر// وشیو ابھارتی کالج رعنا واری میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور عملہ رات بھر ٹھنڈ کے مارے ٹھٹھرتا رہا لیکن ان کو انتظامیہ کی جانب سے بستر فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی کھانے پینے کا کوئی بندوبست کیا گیا تھا۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کی ٹیم کو بتایا کہ’ ہم رات بھر سردی کی وجہ سے سو نہیں پائے کیونکہ ہمارے لئے کھانے پینے اور سونے کیلئے کوئی بندوبست نہیں کیا گیاتھا۔ انہوں نے کہا ’’ہم نے اس حوالے سے اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ کیا لیکن انہوں نے کوئی دھیان نہیں دیا بلکہ ٹال مٹول سے کام لیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں 30 ملازمین رات کو ہی ڈیوٹیوں پر تعینات کئے گئے جن کیلئے کوئی بھی سہولت دستیاب نہیں تھی۔اسی طرح دیگر علاقوں میں تعینات عملے کا حال بھی کچھ ایسا ہی تھا ۔گاندربل اور بڈگام سے بھی الیکشن عملے نے اس طرح کی شکایات کی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں انہیںگھروں سے نکال کر الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا لیکن ان کیلئے کھانے پینے اور گرمی کا کوئی بندوبست نہیں تھا جس سے انہیں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔