رام بن // ضلع رام بن کے تحصیل کھڑی کے علاقے مہو میں طوفانی بارشوں ،تیز آندھی وشدیدژالہ باری سے عوامی زندگی مفلوج بن کررہ گئی ہے ۔مہو علاقے میں گزشتہ ژالہ با ری ، بارش و برفباری سے متعدد رہائشی مکانوںو گورنمنٹ عمارتوں کو زبر دست نقصان پہنچا ہے ۔ اس سلسلے میں منگت سے نثار احمد خان نے بتا یا کہ گزشتہ تین روز پہلے اچانک موسم نے کروٹ لی اور شدید بارش شروع ہوئی اور بعد میں تیز آندھی اور ژالہ باری شروع ہوئی جس کے نتیجہ میںغلام محمد کھانڈے ،عبدالغفار لوہار ، جمال دین کھانڈے اور محمد سلطان کھانڈے کے مکانوں کی چھتیں اور گورنمنٹ پرائمری سکول بڈ درمن کی چھت تیز آندھی سے اُڑ گئیں ۔وہیں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ۔ کھڑی مہو کوملانے والی رابطہ سڑکوں پر پسیاں گرنے سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔زبردست آندھی سے پھلدار درختوں ، سبزیوں ودیگر پیڑ پودوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ادھر تحصیل کھڑی کے متعد د علاقوں میں بھاری نقصانات کی خبریں موصول ہو رہی ہے لیکن ابھی تک ضلع انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں اُٹھا ئے گئے ہیں ۔ضلع کے مختلف علاقوں میں بھی واٹر سپلائی اسکیموں کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور لوگوں کو پانی حاصل کرنے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔آندھی اتنی شدید تھی کہ بہت سارے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں اورباغات اور فصلوں کا شدید نقصان ہوا ہے۔اس سلسلے میں لوگوں نے بتایا کہ مسلسل بارشوں ، زبردست آندھی وشدید ژالہ باری سے مہو ، کا ونہ ، منگت ، ترنہ کے درجنوں رہائشی وغیر رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور خاص کر ایم ایل اے بانہال سے اپیل کی ہے وہ علاقے کا دورہ کر کے جن لوگوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ان کا جائزہ لے انہیں معقول معاوضہ فراہم کرے تاکہ وہ اپنے مکانوں کی دو بارہ تعمیر و مر مت کرکے اہل و عیال کے لئے قابل رہائش بنا سکیں۔