میلبورن// سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے امید ظاہر کی ہے کہ دھماکہ خیز اوپنر ڈیوڈ وارنر کو آئی پی ایل میں ملی کپتانی ان کی فارم واپسی میں مددگار ثابت ہوگی۔ہندستان کے خلاف حال ہی میں ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کا یہ افسانوی اوپنر بلے سے بری طرح فلاپ رہا تھا لیکن آئی پی ایل میں سنرائزرس حیدرآباد کی کپتانی سنبھالتے ہوئے ابھی تک انہوں نے بہترین بلے بازی کی جو ان کی فارم میں واپسی کا اشارہ ہے ۔پونٹنگ نے کہاکہ وارنر کے لیے حالیہ ٹیسٹ سیریز اگرچہ مایوس کن رہی ہو لیکن انہوں نے آئی پی ایل میں اب تک جم کر بلے بازی کی ہے ۔مجھے لگتا ہے کہ کپتانی سنبھالتے ہوئے وہ زیادہ ذمہ دار ہو گئے ہیں۔انہوں نے گجرات لائنز کے خلاف ناقابل شکست رہتے ہوئے 76 رنز بنائے اور وہ اب بیٹنگ کا لطف اٹھاتے نظر آئے ۔سابق بلے باز پونٹنگ نے وارنر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا مضبوط دعویدار بتاتے ہوئے کہاکہ وارنر ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو اپنی تال میں آنے پر ڈھیروں رن بنانے کے اہل ہیں۔انہوں نے ٹورنامنٹ میں اچھا آغاز کیا ہے اور وہ اسی تال سے آگے بھی بلے بازی کرتے رہے تو وہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بن سکتے ہیں۔پونٹنگ نے کہاکہ ہندستان میں زیادہ تر فلیٹ وکٹ اور بلے بازی کی معاون ان وکٹوں میں وارنر فارم میں آسانی سے واپس آ سکتے ہیں۔وارنر نے آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں لاجواب بلے بازی کرتے ہوئے 17 میچوں میں نو نصف سنچری بنائی تھیں اور اپنی ٹیم کو فاتح بنایا تھا۔ان کے پاس اس بار بھی اپنے اسی کارکردگی کو دہرانے کا موقع ہے ۔یو این آئی۔