سرینگر//جموں وکشمیر سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین جسٹس محمد یعقوب میر نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی سرینگر( پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سرینگر) کو ہدایت دی ہے کہ وہ کہنہ کھن ڈلگیٹ سرینگر کے آگ سے متاثرین کو امداد فراہم کرنے کی غرض سے جوڈیشل آفیسر کی سربراہی میں ایک کؤر گرؤپ تشکیل دیں۔ یہ قدم متاثرین کو لیگل سروسز اتھارٹی کے ذریعے قانونی امداد فراہم کرنے کی غرض سے اُٹھایا گیا ہے۔ایک بیان کے مطابق’’کؤر گرؤپ کو ضلع انتظامیہ کے ساتھ رابطہ رکھنے کی غرض سے تشکیل دیا گیا ہے تا کہ متاثرین کو بروقت عارضی رہایشی کیمپوں ( ریلیف کیمپوں) میں منتقل کیا جائے اور متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی، واردات میں مالی نقصان کا تخمینہ لگانے کو یقینی بنایا جائے تا کہ اس ضمن میں بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ اس کے علاوہ یہ قدم عارضی قانونی امدادی کلینک کھولنے کی غرض سے اُٹھایا گیا ہے جس میں متاثرین کی شکایات درج کر کے ضلع انتظامیہ کو ازالہ کے لئے بھیجا جائے گا‘‘۔ڈی ایل ایس اے سرینگر کے چیئرمین کو سٹیٹ اتھارٹی کے سامنے ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تا کہ مزید کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔