مظفرآباد// پاسبان حریت اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومین رائٹس نے کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں 8نوجوانوں کو جاں بحق کرنے اور نہتے مظاہرین کو زخمی کرنے کے خلاف مظفرآباد میں احتجاج کیا۔مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے اقوام متحدہ، او ائی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مداخلت کی اپیل کی۔مرکزی ایوان صحافت میں احتجاج اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔احتجاجی مظاہری سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام نے ضمنی پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جو بھارت کے خلاف مکمل ریفرنڈم ہے۔متحدہ مزاحمتی قیادت کی کال پر احتجاجی جلوس سے عبدالعزیز علوی، عزیر احمد غزالی، مشتاق الاسلام، اصغر رسول، بلال احمد فاروقی، سید شاہین شاہ، عبدالرشید پردیسی اور حمید الحسن نے خطاب کیا۔ انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے اندرریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں جس کی زد میں کشمیر کے بچے، جوان، خواتین اور بزرگ آچکے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیری عوام کے اس بائیکاٹ کو بھارت کے خلاف کشمیری عوام کا اجتماعی فیصلہ سمجھیں ۔ اس موقع پر پریس کلب سے ڈی سی آفس تک ریلی نکالی گئی اور بھارت مخالف احتجاج کیا گیا۔