جموں//شہر کے مضافاتی علاقہ میں قائم ایک روہنگیائی بستی میں چند شر پسندوں نے آتشزنی کے بعد اوربستی کے مکینوں کو جلد از جلد جموں چھوڑ کر چلے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہنے کی دھمکی دی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ’غیر شناخت شدہ‘ افراد کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے ۔ ایس پی رورل ارون گپتا نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر لیا ہے ۔ پونی چک پولیس چوکی کے انچارج سمت مگوترہ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ا س بستی کے ایک مکین کریم اللہ نامی روہنگیائی مہاجر نے بتایا کہ اس نے جسب معمول کباڑ اکٹھا کر کے رکھا ہوا تھا کہ 10/12افراد اس کے پاس آئے اور اسے جموں چھوڑ کر چلے جانے کے لئے کہا۔ ذرائع نے بتایا کہ تمام موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے اور انہوں نے چند روہنگیائی افراد کے ساتھ مار پیٹ بھی کی اور وہاں رکھے کباڑ کو آگ لگا دی جس سے پوری بستی میں دہشت پھیل گئی ۔ پولیس نے بتایا کہ اودھے والا کے قریب قائم اس بستی میں 8روہنگیائی کنبے جھونپڑیوں میں رہائش پذیر ہیں اور کوڑا کرکٹ و ردی وغیرہ اکٹھا کر کے گزر بسر کرتے ہیں۔ یہ واقعہ چیمبر آف کامرس کی طرف سے ’شناخت کرو اور قتل کرو‘ مہم کے اعلان کے تین دن بعد پیش آیا ہے ۔