سرینگر// نیشنل کانفرنس نے 2دن کے دوران ہوئے قیمتی جانوں کے اتلاف پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بے گناہ اور پرامن شہریوں کو قتل کرکے جمہوریت کا قتل کیا گیا۔پارٹی کے سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، ایم ایل سی آغا سید محمود، ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی، ایم ایل سی علی محمد ڈار، ایم ایل اے شیخ اشفاق جبار،وسطی زون صدر منظور احمد وانی، صدرِ ضلع بڈگام حاجی عبدالاحد ڈاراور پروفیسر عبدالمجید متونے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی پی۔ بھاجپا حکومت نے ریاست کو تباہی اور بربادی کے بھنور میں دھکیل دیاہے، ماضی میں الیکشن کے دوران جمہوریت کا جشن ہوا کرتا تھا لیکن پی ڈی پی کی حکمرانی میں جمہوریت کا جشن نہیں بلکہ جمہوریت کا ماتم دیکھنے کو ملا۔ پارٹی لیڈران نے کہا کہ جو حکمران فورسز کو 5000پیلٹ گن اور7لاکھ کارتوس تحفے میں دیں گے وہ حکومت تباہی و بربادی اور کشت و خون ہی لے کر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ فورسز کو بڑے پیمانے پر تباہی اور بربادی مچانے والے ہتھیار سوپنتے ہیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونے کے بھی قوی امکانات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دن نوجوان کا تہیہ تیغ کرنا ایک منصوبہ بند سازش تھی ، جس کی آزادنہ تحقیقات ہونی چاہئے اور ہلاکتوں کے پیچھے اصل حقائق کو عوام کے سامنے لایا جانا چاہئے۔ این سی لیڈران نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے پہلی ہی مانگ کی تھی کہ چناؤ کے لئے ساز گار ماحول ہونا چاہئے، لیکن ہمارے مطالبات کو نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے صرف حکومت کی اعتباریت ختم کردی ہے بلکہ ریاست میں جمہوریت کا بھی تہیہ تیغ کردیا ہے۔