جموں//گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے سرینگرکے ضمنی انتخابات کے دوران ناراض لوگوں کوہلاک کرنے کو جمہوریت کے منافی قراردیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاہے کہ گذشتہ روز وادی میں ضمنی انتخاب کے دوران حکومت کی طرف سے لوگوں کی آواز دبانے کیلئے گولیوں کے استعمال سے انسانی جانوں کے زیاں قابل افسوس بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ آرایس ایس کے اشاروں اورآقائوں کوخوش کرنے اوراقتدارکیلئے مرکز کو خوش کرنے کیلئے مظالم ڈھانا غیرانسانی وغیرجمہور ی بات ہے۔ انہوں نے مسلم اکثریتی طبقہ کو اقلیت میں بدلنے کیلئے آرایس ایس منظم سازش کررہاہے ۔اخترچوہدری نے کہاکہ آرایس ایس اوربھاجپاکی سازشیں جمہوریت کے خلاف ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب سے ہندوستان میں آرایس ایس کے اشاروں پر بھاجپاپی ڈی پی مخلوط حکومت نے ریاست میں حکومت سنبھالی ہے تب سے معصوم انسانی جانوں کوتلف کرنے کاسلسلہ شروع کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیرکے مظالم کی کہیں پر کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پتھربازی دنیاکے دیگرحصوں میں بھی ہورہی ہے لیکن وادی میں پیلٹ گن ، پاواگن، مرچی گن کے استعمال سے عوام کوہلاک کرنا غیراخلاقی اورجمہوری تقاضوں کے مخالف ہے۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ70 سالوں سے سرحدوں کے درمیان لوگوں کومحصور کرکے رکھاہواہے ۔ چارپیڑیاں اپنے رشتہ داروں کوملنے کی آس لگائے دنیاسے کوچ کرگئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آخرکب تک لوگوں میں دوریاں بڑھائی جاتی رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ مرکز نے ہمیشہ دیدہ ودانستہ طور پر ایساکرکے لوگوں کے جذبات کی آگ پر گھی کا کام کیاہے ۔اس پرستم ظریفی کہ مظالم ڈھانے کاسلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے انتخابات کاکوئی فائدہ نہیں ہے بلکہ سنجیدگی سے مظالم کو بندکیاجاناچاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی ومرکزی حکومت کو عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنے کیلئے مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے بات چیت کے عمل کوشروع کرناچاہیئے۔