جموں//گورنر این این ووہرا جو کہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ،کی صدارت میں بورڈ کی 59ویں میٹنگ آج یہاں ککریال میں منعقد ہوئی۔چار گھنٹوں تک جاری اس بورڈ میٹنگ میں شرائین کے آس پاس کے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا ۔ اس کے علاوہ شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے یاتریوں کی تعداد بڑھانے کے لئے اٹھائے جارہے اقدامات اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ میں سکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹکلچر نئی دلی کی جانب سے بن گنگا سے بھون تک کے لئے تیار کئے جارہے ماسٹر پلان کا جائز ہ لیا گیا۔ گورنر نے اگلے 40سے 50برسوں کی ضررویات کو مد نظر رکھ کر ماسٹر پلان جلد از جلد تیار کرنے پر زور دیا۔ انہوںنے ماسٹر پلان کی تیاری کے بعد اس کی فوری عمل آوری کی ہدایت دی۔گورنر نے کہا کہ شرائین کے آس پاس کے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور یاتریوں کی سہولیت کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں سی ای او کو پہلے ہی ہدایات دی گئی تھیں۔ اس فیصلے کے پس منظر میں پرساد کے لئے تھیلیوں کی تیاری کے علاوہ کوڑے دان بنانے ، گرم و سرد مشروبات کو تیار کرنے اور دیگر ضروری سازو و سامان کی تیاری کیلئے نیشنل انسٹی چیوٹ آف ڈیزائن احمد آباد کی خدمات حاصل کرنے کے لئے بورڈ نے منظور ی دی۔سی ای او نے کہا کہ شرائین بورڈ کی معاونت کے لئے رورل ٹیکنالوجی گروپ کی دعوت کو گورنر کی منظوری ملنے کے بعد یاتریوں کو لے جانے والی پالکی کو آئی آئی ٹی ممبئی نے از سر نو تیار کیا ہے جس کے نتیجے میں پالکی والوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے بوجھ میں کافی قدرے کمی آئی ہے۔گورنر نے سی ای او اور بورڈ کے افسروں کو یاتری دوست تکنیکی اقدامات کرنے اور ماحولیات کے تحفظ کے علاوہ شرائین کے علاقے میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔بورڈ نے سی ای او کو بن گنگا کو تحفظ فراہم کرنے اور اس کو مزید فروغ دینے کے لئے وقت مقررہ کے اندر ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔گورنر نے شرائین کے علاقے اور بن گنگا کے گرد و نواح میں ماحولیات کی پاکیزگی کے لئے نیشنل گرین ٹربیونل کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ بورڈ نے سرا کالونی اور اس کے نواحی علاقوں میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور ڈھانچے کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرا ککریال میں 254.45 لاکھ روپے کی لاگت سے 6ترقیاتی پروجیکٹوںپر کام جاری ہے ۔ان میں ڈرینوں کی تعمیر ، گورنمنٹ پرائمری سکول ککریا ل میں سہولیات میں بہتری، مسافر بس شیڈوں کی تعمیر ، کمیونٹی ہال کا قیام ، سٹریٹ لائیٹوں کی تنصیب اور شجر کاری شامل ہیں۔گورنر کی ہدایت پر سی ای او نے سر اکالونی میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں بہتری کے لئے 124.98 لاکھ روپے کا ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔بورڈ میٹنگ میں مزید ترقیاتی پروجیکٹ دردست لینے کے لئے 379.43 لاکھ روپے کی واگذاری کو منظوری دی۔ گورنر نے سی ای او کو تما م کام وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ مقامی لوگ ان سے استفادہ کرسکیں۔بورڈ نے ترکوٹا پہاڑیوں کے سالانہ گرین پلان کو بھی منظور ی دی اور سی ای او کو اس کام کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ گورنر نے شرائین بورڈ کی نرسری میں معیاری پودے لگانے کی ہدایت دی تاکہ گرین ایکشن پلان 2017-18ء کے تحت ضروریات کو پورا کیا جاسکے ۔بورڈ میٹنگ میں شری ماتا ویشنو دیوی کالج آف نرسنگ ککریال اور شری ماتا ویشنو دیوی گرو کُل کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں گروکل کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا جو اس سال موسم گرما میں شاستری کلاس کی شروعات سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔گروکل کے تمام طالب علموں کو بورڈ کی جانب سے تعلیم کے ساتھ ساتھ قیام و طعام ،وردی ،کتابیں اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہے۔شرائین بورڈ سپورٹس کمپلیکس کٹرا کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے دوران گورنر نے سی ای او کو ریاست بھر میں مخصوص کھیلوں کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ منعقد کرنے کی ہدایت دی تاکہ معیار ی کھلاڑیوں کی نشاندہی کی جاسکے ۔میٹنگ میں 2015-16 ء کے آڈِٹ رِپورٹ کا جائزہ لینے کے علاوہ 2016-17ء کے بورڈ آمدن واخراجات کابھی جائزہ لیا گیا اور بورڈ سے منسلک ہر ادارے کے لئے 2017-18ء کے بجٹ کو منظوری دی گئی۔میٹنگ کے آغاز میں سی ای او نے شرائین بورڈ کی مختلف سرگرمیوں اور گذشتہ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں پر عمل در آمد کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔میٹنگ میں ڈاکٹر ای سری دھرن ، ڈاکٹر ایس ایس بلوریہ ، ڈاکٹر اشوک بھان ،ایچ ایل مینی ،جسٹس (ر) پرمود کوہلی ،میجر جنرل (ر) شیو کمار شرما اور بی بی وِیاس کے علاوہ بورڈ ممبران اور اجیت کمار ساہو ، ڈاکٹر پیوش سنگلا اور ڈاکٹر ایم کے کمار کے علاوہ شرائین بورڈ کے دونوں سی ای او موجود تھے۔