بھدرواہ //سوشل میڈیا، بالخصوص واٹس ایپ کا غلط استعمال کئے جانے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ایس ڈی ایم بھدرواہ ڈاکٹر اویس احمد رانا نے آج متنبہ کیا کہ کسی بھی قسم کی غلط افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف نوجوان بلکہ کئی سرکاری ملازمین بھی گمراہ کن پوسٹ کر کے سماج میں کشیدگی اور منافرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی سرکوبی کے لئے سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے اور افواہ بازوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بالخصوص گزشتہ دو روز سے فیس بک اور واٹس ایپ پر کچھ لوگوں کی طرف سے بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈہ کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد مختلف طبقہ جات کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے ۔ایس ڈی پی او نے مزید کہاکہ لوگوں کے نام یہ ایڈوائزری جاری کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل نہ ہوں اور نہ ہی غلط افواہیں پھیلائیں نہیں تو ان کے خلاف آئی ٹی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ایس ڈی ایم کاکہناہے کہ وہ بھدرواہ کے عوام کی سراہناکرتے ہیں جنہوںنے اس طرح کی افواہوںسے نمٹنے سے سنجیدگی دکھائی لیکن ہمیں موقعہ چھوڑنانہیں چاہئے اس لئے پریشانی کھڑی کرنے والے لوگوں بالخصوص سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوںنے سماجی تانے بانے کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس موقعہ پر ایس ڈی اپی او بھدرواہ برجیش شرما اور تحصیلدار بھدرواہ مقصود احمد نے بھی خطاب کیا ۔