منڈی//رہبر تعلیم اساتذہ کی تالابند ہڑتال کے چلتے تحصیل منڈی کے بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے ۔ واضح رہے کہ رہبر تعلیم اساتذہ گزشتہ کئی عرصہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس پر فورم نے 10 اور 11 اپریل کو اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔اس احتجاجی کال کا منڈی میں بھی کافی اثر دیکھاگیاجہاںکئی پرائمری سکول بند رہے ۔ان سکولوں میں زیادہ تر ایس ایس اے کے اساتذہ تعینات ہیں۔اس کے علاوہ کئی مڈل سکول بھی بند نظر آئے ۔سکول بند رہنے پر طلباء کے والدین میں زبردست غصہ پایاجارہاہے ۔محمد افضل نامی شخص نے کشمیر عظمی ٰکو بتایا کہ جب اس سلسلہ میں انہوں نے اساتذہ کو پوچھاتو انہوںنے کہاکہ حکومت ان کی تنخواہیں بند کررکھی ہیں اس لئے وہ ہڑتال کرنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔رہبر تعلیم اساتذہ فورم پونچھ کے ضلع صدر حمید نباض کاکہناہے کہ افسوسناک بات ہے کہ ایس ایس اے اساتذہ بھکمری کاشکار ہیں اور حکومت کو ٹس سے مس نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کال ریاستی سطح پر فورم کے ریاستی چیئر مین فاروق تانترے کی طرف سے دی گئی تھی اور اگر جلد تنخواہیں واگزار نہ کی گئیں تو احتجاجی کلینڈر سترہ تاریخ سے آگے بڑھ جائے گا۔فورم کے ریاستی ترجمان ایم ایم پٹھان نے کہا کہ اگر بچوں کا ایک طرف سے نقصان ہوا ہے تو دوسری طرف ان کے بچے اور والدین فاقہ کشی پر مجبور ہیں،ایسے میں ان کے پاس سوائے ہڑتال کے کوئی چارہ بھی نہیں۔