پونچھ//اوقاف اسلامیہ پونچھ کے نو تعینات شدہ ایڈمنسٹریٹر ریاض آتش نے مقامی لوگوں کی گزارش پر سلوتری زیارت کو اوقاف کی تحویل میں لے لیا ۔ریاض آتش نے حال ہی میں عہدے کا چارج سنبھالاہے اور تب سے انہوںنے محکمہ کے نظام میں اصلاحات لانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں ۔سوموار کو گاؤں سلوتری کے مقامی لوگوں کی گزارش پر ریاض آتش وہاں پہنچے اور انہوںنے زیارت مولوی دریا صاحبؒ پرچل رہے تنازعے کو حل کرتے ہوئے اسے اوقاف کی تحویل میں لے لیا ۔اس فیصلے پر دونوں گروپوں نے بھی اتفاق کیا اور تجویز رکھی کہ زیارت پر آنے والی آمدنی سے سلوتری میں ایک مدرسہ قائم کیاجائے جہاںمقامی بچوںکو دینی تعلیم سے روشناس کرایاجاسکے ۔ ریاض آتش نے لوگوں کو یقین دلایا کہ جلد ہی یہاں پر مدرسہ قائم کیا جائے گا اور اوقاف اسلامیہ کہ یہی کوشش ہے کہ وقف اثاثے کو ملت کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کیاجائے ۔مقامی لوگوں نے سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاض آتش کو مبارکباد دیتے ہیں اور ان کے ہر قدم کے ساتھ ہیںکیونکہ وہ اوقاف کے اثاثہ پر زبر دستی قابض عناصر سے لے کر قوم کیلئے فائدے کے طور پر استعمال کرنے جارہے ہیں۔